اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ریاستوں اور سرحدی امور کے وفاقی وزیر لیفٹیننٹ جنرل(ر) قادر بلوچ سندھ میں عسکری اور سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتوں کیلئے کراچی پہنچ گئے۔انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی سندھ کے وزیر اعلی سید قائم علی شاہ اور کراچی کور کمانڈر سے ملاقاتیں طے ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنے دورے کا تعلق صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال سے جوڑنے سے انکار کیا۔بلوچ نے دعوی کیا کہ وہ اپنی وزارت کے کچھ امور پر گفتگو کیلئے وزیر اعلی اور کور کمانڈر سے ملنے آئے ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ انہوں نے دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے رشید گوڈیل کی عیادت کی۔بلوچ نے واضح کیا کہ انہوں نے قومی اسمبلی میں اپنے ساتھی گوڈیل سے ملاقات ذاتی حیثیت میں کی۔وفاقی وزیر کی گوڈیل سے ملاقات کے بعد کچھ ٹی وی نیوز چینلز نے کہنا شروع کر دیا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے رینجرز اور نیب کی کارروائیوں پر ناراض ایم کیو ایم اور پی پی پی رہنماؤں کو منانے کیلئے بلوچ کو کراچی بھیجا۔ تاہم، بلوچ نے ان خبروں کو یکسر مسترد کر دیا۔