پشاور(نیوزڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 19 سمیت مختلف ضمنی حلقوں پر تحریک انصاف کی شکست سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ 2013 کے الیکشن میں جو ہاتھ پی ٹی آئی کی پشت پر تھے وہ ہاتھ اب اس پارٹی کے پیچھے نہیں رہے۔ افتخار عباسی کی زیر قیادت اے این پی ہریپور کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ صوبے اور ملک کے حالات میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور اس میں ایک تبدیلی یہ بھی ہے کہ جو ہاتھ بوجوہ پی ٹی آئی کو سپورٹ کر رہے تھے اب وہ پشت پر نہیں رہے جس کی وجہ سے این اے 19 ہریپور سمیت تقریباً چھ مختلف حلقوں پر تحریک انصاف کو پے درپے شکستیں ہوئیں۔ حاجی غلام احمد بلور نے ہریپور میں بلدیاتی انتخابات میں اے این پی کے نمائندے کوکامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہریپور میں قومی اسمبلی کی نشست پر ہونے والے حالیہ الیکشن میںپی ٹی آئی کی شکست پراے این پی کے کارکن مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ حلقہ این اے 19 میں پی ٹی آئی کی شکست سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ جو ہاتھ 2013 کے الیکشن میں تحریک انصاف کی پشت پر کارفرما تھے اب وہ ہاتھ اُن کے پیچھے نہیں رہے ۔ افتخار عباسی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کہ علاقے کی خدمت اور ہری پور میں پارٹی کو مظبوط اور منظم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے ، اس موقع پر حاجی غلام احمد بلور نے افتخار عباسی کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ اے این پی نے اپنے دور حکومت میں ہری پور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں اور علاقے کی پسماندگی دور کرنے کیلئے سنجیدہ اقدامات کئے،انہوں نے توقع ظاہر کی کہ افتخار عباسی اور دیگر ساتھی پارٹی کا پیغام ضلع کے کونے کونے تک پہنچائیں گے اور پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے دن رات محنت کریں گے ۔