اسلام آباد(نیوزڈیسک) سپریم کورٹ نے پنجاب اور سندھ میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی ہے۔ جمعرات کو پنجاب او رسندھ میں بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ کے چیمبر میں ہوئی۔ سماعت کے موقع پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہاکہ سپریم کورٹ کے حکم پر 20 ستمبر کا شیڈول جاری کیا گیا اور مقدمہ اب بھی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپریم کورٹ نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے درخواست کو ابتدائی سماعت کے لئے منظور کرلیا۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی درخواست رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے اعتراضات لگا کر مسترد کرتے ہوئے درخواست کو متعلقہ فورمز پر دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔