اسلام آباد(نیوز ڈیسک) قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ الطاف حسین کی پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے وہ ایم کیو ایم کو مزید مشکلات میں نہ ڈالیں۔سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ الطاف حسین کی پالیسی سمجھ سے بالاتر ہے، انہوں نے اپنی ہی پارٹی کو الجھا دیا ہے جب کہ ان کو ایسے بیانات نہیں دینے چاہئیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف مقدمات کا اندراج حیران کن ہے مگر یہ روایت اچھی نہیں کیونکہ ریاست کو الطاف حسین کے خلاف آگے آنا چاہیے تھا جب کہ جس طرح ان کے خلاف مقدمات درج ہورہے ہیں اتنی آسانی سے تو بکری چوری کا مقدمہ بھی نہیں کٹ سکتا۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد نیب اور ایف آئی اے صوبائی محکموں میں مداخلت نہیں کرسکتے جب کہ حکومت اپنے ہی چیرمین نیب کے خلاف بیانات دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات بے معنی رہی اور اس ملاقات میں مسئلہ کشمیر نہ اٹھانا آنکھیں چرانے کے مترادف ہے۔