لاہور(نیوزڈیسک) عید آئے گی تو بجلی نہیں جائے گی۔ لاہوریوں نے امیدیں باندھیں لیکن لیسکو نے ان پر بجلیاں گرا دیں۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی روزانہ چار گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا اعلان کیا ہے جس پر شہری سر پکڑ کر رہ گئے ہیں۔ کسی کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ بجلی کے استعمال میں واضح کمی کے باوجود شارٹ فال وہیں کا وہیں کیسے ہے؟۔ لیسکو کے اپنے ہی اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ عام دنوں میں لاہور میں لوڈشیڈنگ کا کم از کم دورانیہ چھ گھنٹے ہے۔ عید پر طلب نصف سے بھی کم ہوگی۔ اس کے باوجود چار گھنٹے بجلی بند کرنے کی منطق سمجھ سے باہر ہے۔ لیسکو شیڈول کے مطابق عید کے دنوں میں شہری علاقوں میں صبح چار سے دوپہر دو بجے تک بجلی بند نہیں کی جائے گی جبکہ صنعتی سیکٹرز میں شام سات سے رات گیارہ بجے تک لوڈشیڈنگ ہوگی۔ لاہور کے برعکس کراچی کے شہری سکون سے عید منائیں گے کیونکہ کے الیکٹرک نے بجلی کی مسلسل فراہمی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ –