لاہور( نیوزڈیسک )پنجاب اور سندھ نے بلدیاتی انتخابات مرحلہ وار کرانے کا باضابطہ مطالبہ کر دیا ،الیکشن کمیشن نے صوبوں کا مطالبہ سپریم کورٹ کے سامنے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات 20ستمبر کو ہونے ہیں مگر شیڈول جاری ہونے سے دو ہفتے قبل دونوں صوبوں کی جانب سے مرحلہ وار انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں صوبوں نے موقف اپنایا گیا ہے کہ امن و امان اور انتظامی مسائل کے باعث ایک ہی روز میں انتخابات کا انعقاد نہ کرایا جائے۔ ایک ہی روز میں انتخابات کے انعقاد کیلئے پولنگ افسران اور سکیورٹی اہلکاروں کی بہت بڑی تعداد درکار ہو گی۔ سندھ میں تین جبکہ پنجاب میں دو مرحلوں میں انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن دونوں صوبوں کے مطالبات سپریم کورٹ کے نوٹس میں لائے گا اس سے قبل الیکشن کمیشن بھی پنجاب اور سندھ میں مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرانے کی تجویز دے چکا ہے۔