لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے سفارتی آداب کے منافی وزیر اعظم نوازشریف کااستقبال کیا ۔ پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا رویہ حقارت آمیز تھا، نواز شریف سے ملاقات کے وقت نریندر مودی نے سفارتی اصولوں کو نظر انداز کیا اور ان کی جانب آتے پاکستانی وزیراعظم کے لئے چند قدم تک آگے نہ بڑھائے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے نواز شریف کا استقبال نہ کرکے اپنی برتری اور خود کو بادشاہ ثابت کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے1971ءمیں پاکستان توڑ کر بنگلہ دیش بنایا، مودی کو یاد ہونا چاہیے یہ 1971ءنہیں 2015ءہے۔رحمان ملک نے کہا کہ نریندرمودی پاکستان کے عوام کو کمزور نہ سمجھیں۔ حکومت کو بھارتی وزیر اعظم کے رویہ پر احتجاج کرنا چاہیے۔