اسلام آباد (نیوزڈیسک )اسلام آباد ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش نے موسم میں خوشگوار تبدیلی پیدا کردی ، محکمہ موسمیات نے پنجاب کے بالائی علاقوں ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں بارشوں میں شدت کی پیشگوئی کردی ۔ لاہور میں صبح سویرے گھنگھور گھٹائیں چھا گئیں ، ٹھنڈی ہوا کے ساتھ کہیں رِم جھم اور کہیں بوندا باندی ہوئی ۔ چند علاقوں میں ٹپ ٹپ مینہ برسا جس نے موسم نہایت دلکش بنادیا ۔ گوجرانوالہ میں بھی تیز ہوائیں اپنے ساتھ بادل لے آئیں ، کالے بادل خوب گرجے اور چھما چھم برسے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے برسنے والے تیز مینہ نے جل تھل ایک کردیا ۔ قصور ، ڈسکہ ، سیالکوٹ ، میانوالی ، کندیاں ، مالاکنڈ میں بھی تیز بارش نے پیاسی زمین کو سیراب کردیا ، موسم کا حال بتانے والوں نے خبر دی ہے کہ آج اور ہفتے کے روز اسلام آباد ، راولپنڈی ، لاہور ، گوجرانوالہ ، ہزارہ اور کشمیر میں مون سون بارشوں میں شدت کا امکان ہے ۔ کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے اور رات گئے بوندا باندی ہوسکتی ہے ، بالائی سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا ۔ دوسری طرف بارشوں سے نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح بلند ہو گئی ہے جس سے قریبی آبادی کو خطرات لاحق ہیں ۔