لاہور/ کراچی(نیوزڈیسک) ملک بھر میں اکیس رمضان المبارک کو یوم حضرت علیؓ کے حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ لاہور میں یومِ علیؓ کا جلوس مبارک حویلی سے صبح نو بجے شروع ہوگا۔ جلوس کے روٹ کو ریڈ زون قرار دیدیا گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر سے نگرانی اور روٹ کے راستے پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔ آٹھ ہزار اہلکار سیکیورٹی دیں گے۔ کراچی شہر کے تین زونز میں 331 مجالس اور 178 جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے دس ہزار سات سو تریسٹھ اہلکار تعینات ہوں گے۔ حساس مقامات پر رینجرز تعینات ہوگی۔ مرکزی جلوسوں کے روٹس کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے۔ ملتان میں 12 جلوسوں کے لئے 3280 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ بہاولپور میں 1300 سے زائد اہلکار جلوسوں کو سیکیورٹی دیں گے۔ ملتان میں ایک روز کیلئے جبکہ پشاور میں دس جولائی تک ڈبل سواری پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ پشاور شہر اور کینٹ کے علاقوں میں افغان مہاجرین کے داخلوں پر بھی پابندی ہوگی۔ کراچی، حیدر آباد اور سکھر میں دو روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی لگائی گئی ہے۔