کراچی(نیوزڈیسک)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میں نامزدمتحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عامر خان کی ضمانت منظورکرلی ہے ۔ جبکہ عدالت نے حکم دیاہے کہ عامر خان ضمانت پر رہائی کے بعد ملک سے باہر نہیں جاسکتے۔ انسداددہشت گردی کی عدالت میں متحدہ رہنماعامرخان کو سخت سیکورٹی میں پیش کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ آخری سانس تک الطاف حسین کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا،عدالت نے ایم کیوایم کے رہنما عامر خان کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اپنی آبزرویشن میں قرار دیا کہ ناقص تفتیش کی بنا پر عامر خان کی زر ضمانت 10 لاکھ روپے کے عوض منظور کی جاتی ہے لیکن جب تک مقدمہ زیر سماعت ہے وہ ملک یا شہر چھوڑ کر نہیں جاسکتے، ضمانت کی منظوری کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین سمیت ایم کیو ایم کا بچہ بچہ پاکستان سے محبت کرتا ہے،ایم کیو ایم کیخلاف گہری سازش تیار کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ آخر ی سانس تک ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔ واضح رہے کہ عامر خان کو11مارچ 2015کو ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کی سرپرستی کا الزام عائد ہے