اسلام آباد( نیوزڈیسک)عمران خان نے کہا ہے کہ فارم پندرہ جمع کرانے کا حکم آنے کے بعد آر اوز نے مکمل کیا ، جلد بازی میں غلطیاں رہ گئیں ، چیئرمین نادرا نے کہا اٹھانوے فیصد ووٹ درست ہیں کیا وہ ولی اللہ ہیں ، نواز لیگ اور الیکشن کمیشن نے مل کر دھاندلی کی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بیشتر حلقوں میں فارم 15 ہی موجود نہیں ، خواجہ سعد کے حلقے کے فارم 15 میں اور آر او کی جانب سے پیش کیے گئے فارم میں ووٹوں کی تعداد مختلف ہے ، فارم پندرہ جمع کرانے کا حکم آنے کے بعد آر اوز نے مکمل کیا، جلد بازی میں غلطیاں رہ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ آج عدالت میں ن لیگ کا فراڈ پکڑ لیا ہے ، ثبوت دئیے ہیں کس طرح الیکشن کمیشن نے آر اوز کے ساتھ مل کر دھاندلی کی ، انہوں نے کہا ثابت ہو گیا نواز شریف نے اپنے امپائرز کے ساتھ میچ کھیلا۔ چئیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نادرا کو 26 لاکھ روپے دے کر فرانزک رپورٹ مانگی تھی ، صرف ان کے حلقے میں نادرا نے سپیلمنٹری رپورٹ جاری کی ، نادرا نے کہا این اے 122 میں 93 ہزار ووٹوں کی شناخت نہیں ہوسکتی ، عمران خان کا کہنا ہے کہ نادرا چئیرمین نے کہا 98 فیصد ووٹ درست ہیں ، کیا وہ ولی اللہ ہیں؟ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے الیکشن کمیشن نے آر اوز کو کھلی چھوٹ دے رکھی تھی ، پنجاب کی الیکشن کمیشن نے 50 ہزار بیلٹ پیپرز اضافی چھاپے، جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہو ، ملک اب آگے ہی بڑھے گا۔