اسلام آباد(نیوزڈیسک)مبینہ انتخابی دھاندلی کے انکوائری کمیشن کی آج پھر کارروائی ہوگی، امکان ہے کہ تحریک انصاف کے وکیل حفیظ پیرزادہ اپنے دلائل مکمل کرلیں گے۔ تحریک انصاف نے دھاندلی کے ثبوت پیش نہ کرنے کا ذمے دار الیکشن کمیشن کو ٹہرا دیا۔کہا یہ الیکشن کمیشن کی ناکامی ہے۔مبینہ دھاندلی کے انکوائری کمیشن کے روبرو کل تحریک انصاف کے وکیل حفیظ پیرزادہ نے کہاکہ شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی لیکن اس نے مکمل شواہد دینا مناسب نہیں سمجھا ، دھاندلی کے ثبوت کا پیش نہ ہونا الیکشن کمیشن کی ناکامی ہے۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کا کہناتھا کہ انتخابات میں الیکشن کمیشن اور ن لیگ ملے ہوئے تھے۔ دوسری طرف مسلم لیگ ن نے تحریری دلائل میں کہاہے کہ دھاندلی سے متعلق پی ٹی آئی کے الزامات خودساختہ ہیں، یہ نہیں بتایاگیا کہ دھاندلی کے منصوبے کا ماسٹر مائنڈ کون تھا؟ عام انتخابات میں دھاندلی کا منصوبہ کب ،کہاں کس نے بنایا کس طرح عمل ہوا؟ اور یہ کہ انتخابات میں کسی قسم کی کوئی سازش نہیں ہوئی۔سماعت کیبعد ن لیگ کے طلال چودھری نے کہاکہ عمران خان کو ہارتا دیکھ کر طاہر القادری انہیں حوصلہ دینے آئے ہیں۔