اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد سے آئی ہو ئی نیپراکی تحقیقاتی ٹیم نے کراچی میں اموات سے ”کے الیکٹرک “کو بری الذمہ قرار دیدیا ،کہا ہے اموات لوڈشیڈنگ سے نہیں بلکہ گرمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہوئیں ،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقات کیلئے کراچی میں دوروزسے موجود نیپراکی ٹیم نے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی ہے ، جو کل وزیر اعظم کو کراچی کے دورے پر پیش کی جائے گی۔ذرائع نے بتا یا کہ رپورٹ میں نیپراکمیٹی نے اموات کی ذمہ داری سے کے الیکٹرک کو مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے کہا ہے اموات کی وجہ لوڈشیڈنگ سے نہیں بلکہ گرمی میں اضافہ کے باعث ہیٹ اسٹروک سے ہوئیں۔تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق جاں بحق افراد میں زیادہ تر وہ لوگ شامل ہیں جو گھروں سے باہرتھے۔نیپرا ٹیم نے بجلی کی طلب اور رسد میں کمی کا ذمہ دار کے الیکٹرک کو ٹھرایا ہے ،دوسری جانب کے الیکٹرک حکام نے ٹیم کو بتا یا ہے کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ میں اضافے کا سبب بجلی کی طلب بڑھ جانا ہے۔