گلگت/اسلام آباد (نیوزڈیسک) مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمان گلگت بلتستان کے بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب ہو گئے، انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ، گورنر جی بی چوہدری برجیس طاہر نے ان سے حلف لیا حافظ حفیظ الرحمان کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر ان کی رہائش گاہ پر کارکنوں نے جشن منایا، بھگڑے ڈالے اور انہیں مبارکبادیں دینے کا تانتا بندھا رہا،وزیراعظم سمیت دیگر شخصیات نے ان کو مبارکباد دی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان نے مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر حافظ حفیظ الرحمان کوبلامقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب کردیا ، وزارت اعلیٰ کے عہدے کےلئے حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس میں ہوئی ، گورنر گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے نو منتخب وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن سے حلف لیا، اس موقع پر اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی ۔اس موقع پر تقریب میںمسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے وزیر اعظم نوازشریف ، ہمارا قائد نوازشریف ، نوازشریف زندہ باد، نوازشریف قدم بڑھاﺅ ہم تمہارے ساتھ ہیں ، حفیظ الرحمان موجودہ سیٹ اپ کے تحت بننے والے گلگت بلتستان کے دوسرے وزیر اعلیٰ ہیں، اس سے پہلے پیپلز پارٹی کے سید مہدی شاہ وزیراعلیٰ جی بی رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ(ن) کے پاس 33رکنی ایوان میں 22 اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے پاس گیارہ نشستیں تھیں، مسلم لیگ (ن) کو پہلے سے ہی ایک تہائی اکثریت حاصل تھی۔ واضح رہے کہ گلگت بلتستان کا مجموعی طور پر دوسری مرتبہ مسلم لیگ (ن) کو حکومت بنانے یا حکومتی اتحاد میں شامل ہونے کا موقع ملا ہے، خطے میں پہلی بار جماعتی بنیادوں پر انتخابات 1994ءمیں ہوئے، جس دوران پیپلز پارٹی نے دوسری جماعتوں کے ساتھ مل کر حکومت بنائی اور 1999ءکے انتخابات کی تاریخ کا اعلان مسلم لیگ (ن) نے کیا، تاہم 3 نومبر کو ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن)24 میں سے 6 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی اور اسلامی تحریک پاکستان کے ساتھ مل کر حکومت سازی کی، اس وقت جی بی اسمبلی کے موجودہ سپیکر اور اسلامی تحریک کے اس وقت کے رہنماءفدا محمد ناشاد کو ڈپٹی چیف ایگزیکٹو اور مسلم لیگ (ن) کے حاجی صاحب خان اسپیکر منتخب ہوئے جبکہ 2004ءمیں انتخابی عمل میں مسلم لیگ (ق) کامیابی ہوئی اور میر غضنفر چیف ایگزیکٹو، سید اسد زیدی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے جبکہ پہلی مرتبہ ایوان میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ تخلیق کیا گیا اور مسلم لیگ (ن) کے حافظ حفیظ الرحمان خطے کے پہلے قائد حزب اختلاف بنے اور اب وزیر اعلیٰ کا عہدہ حاصل کیا۔ حافظ حفیظ الرحمان کے بلا مقابلہ وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے اور منوں کے حساب سے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ حافظ حفیظ الرحمان کی رہائش گاہ پر مبارکباد کےلئے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔ وزیراعظم نوازشریف نے حافظ حفیظ الرحمان کو ٹیلی فون کیا اور انہیں وزیراعلیٰ منتخب ہونے اور حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ۔ مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماﺅں نے بھی ان کو مبارکبادیں دیں ۔