لاہور (نیوزڈیسک) رقم اسمگل ہی نہیں کی،مقدمہ کس بات کا؟ سردار لطیف کھوسہ نے گیم پلٹ دی،عدالت کے روبرو ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے موقف اختیار کیا کہ ایان علی کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا۔ ایان علی نے رقم اسمگل نہیں کی، یہ مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا، جبکہ ابھی تک مقدمے کی تفتیش بھی مکمل نہیں ہوسکی، اس لئے درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت پر کسٹم حکام کو جواب داخل کرانے کیلئے 29جون تک کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع نے ایان علی کی ضمانت سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کی۔دوران سماعت کسٹم کے وکیل نے جواب دینے کے لیے مہلت کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے 29جون کو بحث کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ دریں اثناء ایف بی آر نے کراچی میں ایان علی کا بینک اکاونٹ ضبط کرکے اس میں سے 35لاکھ روپے کی رقم برآمد کرلی۔ ایف بی آر ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ریجنل ٹیکس آفس کراچی نے کی۔ منی اسمگلنگ کے الزام میں اڈیالہ جیل میں قید ماڈل ایان علی کے کراچی کے ایک نجی بینک اکاونٹ میں موجود 35لاکھ روپے کی رقم ضبط کرلی ۔ یہ رقم ایان علی کے ذمے واجب الادا انکم ٹیکس میں ایڈجسٹ کی جائیگی۔