کراچی(نیوزڈیسک) سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو محب وطن جماعت سمجھتا ہوں، ہمارے دور میں کراچی کی صورتحال کنٹرول میں تھی‘جو بھی پاکستانی ہندوستان سے امداد لیتا ہے سزا کا مستحق ہے‘زرداری کی تقریر میں اشارہ میری طرف نہیں تھا ‘دنیا کو پتہ ہے بے نظیر بھٹو کے قتل میں کون ملوث ہے۔ جمعہ کو نجی ٹی وی کو دئیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں سابق صدر نے کہاکہ 12 مئی کو ایک واقع ہوا جو افسوسناک ہے، ایسا نہیں ہونا چاہئے، ایم کیو ایم حکومت میں رہی تو گڈ گورننس ٹھیک رہی، ناظم نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔ بی بی سی رپورٹ پر تحقیقات کیلئے حقائق سامنے لائے جائیں، میری نظر میں ایم کیو ایم محب وطن جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی پاکستانی ہندوستان سے امداد لیتا ہے سزا کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کرپشن میں ملوث ہے اسے گرفتار کیا جائے، کرپشن کی تحقیقات آصف زرداری کی تقریرمیں اشارہ میری طرف نہیں تھا۔ انہوںنے کہا کہ ہمارے دور میں بلوچستان کے حالات بہتر تھے، دہشتگردی کو بھی کنٹرول کر لیا گیا تھا۔