اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی آٹھویں جماعت کی کتاب میں کشمیر کا متنازع نقشہ چھاپ دیا گیا ہے، جبکہ پنجاب کے بھی 2صوبے بنا دیئے گئے۔ پنجاب حکومت نے غلطی کے ذمہ دار 2ملازمین کو برخاست اور ایک کو معطل کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی آٹھویں جماعت کی کتاب میں کشمیر کا متنازع نقشہ چھاپا گیا، جبکہ پنجاب کے 2صوبے بنا دیئے گئے، جن میں سے ایک کو پنجاب، جبکہ دوسرے کو سرائیکستان کا نام دیا گیا۔ اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ یہ کتاب ایک ماہ قبل چھپی تھی، جیسے ہی ایشو کا پتہ چلا فوری ایکشن لیا اور کتاب مارکیٹ سے اٹھوا لی گئی۔ رانا مشہود نے بتایا کہ اس سنگین غلطی کے مرتکب 2ملازمین کو نوکری سے نکال دیا گیا، جبکہ ایک کو معطل بھی کیا۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی قائم کردی ہے، جو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے گی۔