اسلام آباد (نیوزڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پارٹی کو بچانے کےلئے صاف و شفاف کردار والی نئی قیادت سامنے لائے، بی بی سی کی رپورٹ درست ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوئی۔ وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی سی رپورٹ سے حقیقتیں کھل کر سامنے آ رہی ہیں، وقاص شاہ کے قتل نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے قتل کے بعد خالد مقبول صدیقی اور ڈاکٹر فاروق ستار سے رابطہ کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت سے فنڈنگ کا سلسلہ بہت عرصہ پہلے سے چل رہا ہے، الطاف حسین ملک بدری کے بعد پاکستان نہیں آئے، بھارت کے ان کے پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ تعلقات ہیں، اب اگر بی بی سی کی رپورٹ درست ثابت ہوتی ہے تو ایم کیو ایم رہنماﺅں کے خلاف غداری کا مقدمہ بن سکتا ہے، ان کے بچنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ نئی قیادت کو سامنے لے کر آئیں، جو ایم کیو ایم ووٹرز کی صحیح ترجمانی کر سکے اور یہ منی لانڈرنگ، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری جیسے الزامات سے پاک ہو۔