بینکاک(نیوزڈیسک)پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ایئر پورٹ سے ہتھیاروں کے ساتھ بیرون ملک سفر کرنے کی کوشش کے دوران گرفتار ہونے والے تھائی لینڈ کے 5 طالب علموں کو ان کے وطن بھیج دیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کی حکومت نے بتایا کہ پاکستان میں گرفتار ہونے والے طالب علموں سے تحقیقات کے دوران ان کا داعش یا دیگر کسی بھی جنگجو اور دہشت گرد گروپ سے تعلق سامنے نہیں آیاخیال رہے کہ پاکستان میں ایک دینی ادارے سے منسلک ان تھائی طلبہ کو لاہور ایئر پورٹ سے 8 جون کو تھائی ایئر ویز پر سوار ہونے سے قبل اس وقت گرفتار کیا گیا جب ان کے سامان میں سے اسلحہ برآمد ہوا۔تھائی لینڈ کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانامیتھی نے بتایا کہ پاکستان میں گرفتار ہونے والے 5 تھائی طالب علم جمعرات کی صبح وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ تھائی طلبہ کو پاکستانی حکام نے رہا کردیا تھا انھوں نے طلبہ کی رہائی کے حوالے سے ہونے والے مذاکراتی عمل کی تفصیلات نہیں دی ہیں تاہم یہ ضرور کہا کہ پاکستان میں کیس کی پیروی تھائی سفارت حکام کی جانب سے کی گئی۔ترجمان نے کہا کہ جہاں تک مقدمے کا تعلق ہے وہ ختم نہیں ہوا ہے اور تھائی سفارت خانہ مقدمے کے اختتام تک اس پر کام جاری رکھے گا۔