لاہور(نیوزڈیسک) انسپکٹر جنرل (آئی جی) مشتاق سکھیرا نے کل ڈویڑنل اور ضلعی پولیس کے سربراہان کو حکم دیا ہے کہ وہ تمام شہروں کے بس اسٹاپس، شاپنگ مالز، کریانے کی دکانوں، میڈیکل اسٹورز میں رکھے گئے عطیات کے ڈبّوں کو ہٹادیں۔میڈیا کی رپورٹوں اور سیکیورٹی ایجنسیوں کی اطلاعات پر آئی جی نے یہ ایکشن لیا ہے۔ انہوں نے ان افسران کو حکم دیا ہے کہ عطیات کے ڈبّوں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ 14 دن کے اندر جمع کرائیں۔ایسے لوگ جو عطیات کے ان ڈبّوں کی صداقت کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہیں ان کے خلاف مشتاق سکھیرا نے سخت قانونی چارہ جوئی کا بھی حکم دیا ہے۔ایک پریس ریلیز کے مطابق آئی جی کو ایک رپورٹ موصول ہوئی تھی کہ ان ڈبّوں کے مالکان اور صدقے کے نام پر اکھٹا کی جانے والی رقوم کے استعمال کے بارے میں کوئی ریکارڈ دستیاب نہیں تھا۔اس کے علاوہ آئی جی نے ضلع رحیم یار خان کے ڈی پی او سہیل ظفر چٹھہ کا تبادلہ کردیا اور انہیں شیخوپورہ ڈی پی او کی خالی پوسٹ پر تعینات کردیا ہے۔