اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ پر وفاقی حکومت خاموش نہیں رہ سکتی۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ برطانوی نشریاتی ادارے کی جانب سے ایم کیو ایم پر لگائے گئے الزامات سنگین نوعیت کے ہیں جس پر متحدہ قومی موومنٹ کو آگے آکر الزامات کا جواب اور قانونی کارروائی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے حال ہی میں ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے تو کیا اب الزامات سامنے آنے کے بعد پیپلزپارٹی ایم کیو ایم کو حکومت میں شامل کرے گی اور ایم کیو ایم بی بی سی کے رپورٹر کے خلاف قانونی کارروائی کا ارادہ رکھتی ہے۔کراچی میں گرمی کی شدت سے ہلاکتوں پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ شہرقائد میں گرمی کی شدت سے انسانی جانوں کا ضیاع افسوس ناک ہے اور پیپلزپارٹی کی قیادت گرمی سے جاں بحق افراد کے کسی ایک جنازے میں شامل نہیں ہوئی۔