کراچی(نیوزڈیسک)حساس اداروں نے سندھ پولیس کے کرپٹ اور ملزمان کی سر پرستی کرنے والے پولیس افسران کی فہرست تیار کر لی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فشریز کے گرفتار افسران اور ایک اہم شخصیت کے فرنٹ مین نے دوران تفتیش بتایا ہے کہ زمینوں پر قبضوں ،گینگ وار ملزمان کی سرپرستی اور دیگر جرائم کی سرگرمیوں میں سندھ پولیس کے اہم افسران بھی ملوث ہیں اور یہ افسران ملزمان کی سرپرستی کے بدلے میں اپنا حصہ باقاعدگی سے وصول کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اداروں نے ایسے کرپٹ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کرنے والے افسران کی فہرست تیار کر لی ہے تاہم ان افسران کے خلاف کاروائی کے لیئے انھیں وفاقی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے جس کے بعد سندھ پولیس کے کئی اہم افسران کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔اس حوالے سے سندھ پولیس کی ترجمان ارم اعوان سے رابطہ کرنے کی کئی بار کوشش کی گئی تاہم انکی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔