اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ایف آئی اے نے ترک وزیراعظم کے گمشدہ ہار کے معاملے پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو گرفتار کرنے سے معذوری کا اظہار کردیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ترک خاتون اول کے ہار سے متعلق سابق وزیراعظم کے خلاف جو تحقیقات شروع کی گئی ہیں ان کے مطابق اس کیس میں سابق وزیراعظم کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف دفعہ 403 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جو امانت میں خیانت کا مقدمہ ہوتا ہے، اس قسم کے معاملے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک تحریری شکایت عدالت میں پیش کرتے ہیں جس پر عدالت اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کہ ملزم سزا کا حق دار ہے یا کس طرح سے معاملے کو حل کیا جائے۔واضح رہے کہ ترک خاتون اول نے پاکستان میں 2010 میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے اپنا ہار بطور امداد دیا تھا جو گم ہو گیا تھا اور پھر معاملہ میڈیا میں منظر عام پر آنے کے بعد سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اعتراف کیا کہ ہار ان کے پاس ہے۔