اسلام آباد(نیوزڈیسک)آصف علی زرداری کے گزشتہ روز وزیراعظم کو سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق خط کا ردعمل،وفاق کا سندھ حکومت کو سخت جواب، وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی جانب سے سندھ کے وزیر توانائی مراد علی شاہ کو خط لکھا گیا ہے جس میں صوبے سے 60 ارب روپے کے بجلی بقایاجات کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔وزیر پانی بجلی خواجہ آصف کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے بجلی کے بقایاجات کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر کی جس کے باعث عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا جب کہ صوبائی حکومت نے بقایاجات کی جو رقم دینے پر رضا مندی ظاہر کی تھی وہ بھی ادا نہیں کیے گئے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے حیسکو اور سیپکو کو سرکاری اداروں کے کنکشن کاٹنے سے روک رکھا ہے اسی لیے صوبائی حکومت 60 ارب روپے کے بقایاجات کی فوری ادائیگی کرے اور اگر ادائیگیاں نہ کی گئیں تو سرکاری اداروں کے کنکشن کاٹنے کے سواکوئی چارہ نہیں ہوگا۔