کراچی(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شہر کی مارکیٹیں رات 9 بجے سے بند کرنے کا حکم دے دیا جب کہ بجلی بحران پر کے الیکٹرک کے حکام کو بھی اج طلب کرلیا گیا ہے۔کراچی میں بجلی کے بحران کو قابو پانے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے شہر کی مارکیٹیں رات 9 بجے سے بند کرنے کا حکم دیا ہے اس کے علاوہ شہر میں آویزاں بجلی سے چلنے والے تمام سائن بورڈز کی لائٹیں بھی رات 9 بجے بند کردی جائیں گی جب کہ سرکاری دفاتر میں ایئرکنڈیشنرز صبح 11 بجے سے چلیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر اج کے الیکٹرک حکام کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔ شہر میں جاری قیامت خیز گرمی پر وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو آج سے ہیٹ اسٹروج سینٹر قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کراچی میں روزانہ 3 ہزار پانی کے ٹینکر پانی فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں۔دوسری جانب کراچی میں گرمی کے باعث سیکڑوں زندگیوں کے چراغ گل ہونے کے باوجود سندھ سرکار کو عوام کی کوئی فکر نہیں اس لیے وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے عوامی مشکلات کو روایتی طور پر پس پشت ڈالتے ہوئے آج افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا ہے جس کے لیے دعوت نامے بھی بھجوادیئے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ نے افطار ڈنر کا بائیکاٹ کردیا ہے۔فنکشنل لیگ کے پارلیمانی لیڈر نندکمار نے کہا کہ شہری پیاس اور گرمی سے مررہے ہیں ایسے میں وزیراعلیٰ کی دعوت قبول نہیں کرسکتے جب کہ (ن) لیگ کے پارلیمانی لیڈر شفیع جاموٹ کا کہنا تھا کہ افطار عشائیے کے بجائے حکومت شہریوں کو پانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائے۔