اسلام آباد(نیوزڈیسک) ذرائع سے معلوم ہواہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے سنگین شکایات کانوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہدایت کردی ہے اوراس بارے میں ایک جائزہ رپورٹ تیارکرنے کی ہدایت بھی کردی ہے ۔چند روزقبل ایک خلیجی ریاستوں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات میں انہیں خلیجی ریاستوں بالخصوص ابوظہبی اوردبئی میں پاکستانی سفارتکاروں کی کارکردگی اورسفارتی عملے کے نارواسلوک سمیت مبینہ طورپربے ضابطیگیوں کی بھی شکایات کی تھیں جس کے بعد وزیراعظم نے اپنے مشیر عرفان صدیقی کومتحدہ عرب امارات بھیجنے کافیصلہ کیاہے جنہوں نے گزشتہ روزوزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت وزارت خارجہ کے بعض متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں اوروہ اس ہفتے ابوظہبی روانہ ہوجائینگے جہاں وہ پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افرادکے علاوہ چیدہ چیدہ لوگوں سے ملاقاتیں کریں گے اوران کی شکایات کاجائزہ لینگے ۔عرفان صدیقی تمام تفصیلات اورحقائق کاجائزہ لے کرایک ہفتے میں وزیراعظم کورپورٹ دینگے ۔