اسلام آباد(نیوزڈیسک )برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں جمہوریت کی گرم جوشی سے حمایت کرتے ہیں، برطانیہ نے موجودہ پارلیمانی جمہوریت کے اصولوں کو معاشرے کا حصہ بنانے کے لیے 800 سال کا سفر اور جدوجہد کی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے موجودہ پارلیمانی جمہوریت کی ترقی کے لیے راہ ہموار کرنے والی دستاویز”میگنا کارٹا“ پر دستخط کے 800 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، میگنا کارٹا کی سالگرہ کی مناسبت سے برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے یونیورسٹی کی سطح کے ایک مباحثے کا انعقاد کیا گیا۔مباحثے کی تقریب میں حکومت پاکستان، ذرائع ابلاغ، سفارتی حلقوں، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کے ساتھ ساتھ چیوننگ اسکالر شپ کے فارغ التحصیل طلبا اور شعبہ تعلیم کے ماہرین، اسلام آباد اور راولپنڈی کی 6 یونیورسٹیوں کے زیرِ تعلیم طلبا نے شرکت کی، اس موقع پر فلپ بارٹن نے کہا کہ میگنا کارٹا موجودہ پارلیمانی جمہوریت کی ترقی کے لیے راہ ہموار کرنے والی دستاویز ہے، ہمارے آج کے مباحثے کے دوران قانون کی بالادستی اور اظہار خیال کی پاکستان جیسی نوزائیدہ جمہوریت کے لیے اہمیت بالکل واضح ہوگئی ہے۔