کراچی (نیوزڈیسک)مالی سال 2015۔2016کے لیے سندھ کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا۔ اعداد و شمار کے مطابق بجٹ کا حجم تقریبا 750ارب ہونے کا امکان ہے۔ صوبائی بجٹ میں کراچی اور حیدرآباد کے لیے کوئی اسپیشل پیکیج نہیں رکھا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے ذرائع کے مطابق سندھ کے مالی سال 2015۔2016کے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 200ارب روپے رکھے جائیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کی رقم میں وفاق اور غیر ملکی امداد سے چلنے والے منصوبے بھی شامل ہوں گے۔ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔ مجموعی طور پر نئے مالی سال کا بجٹ 10ارب روپے خسارے کا ہو گا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کا امکان ہے، جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں انشورنس، رمضان اور عید گفٹ اسکیم متعارف کرائی جائے گی۔ حاصل معلومات کے مطابق کراچی کو اضافی پانی کی فراہمی کے لئے 65ایم جی ڈی منصوبے کے لئے 6ارب 80کروڑ رکھنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی، حیدرآباد سمیت ڈویڑنل ہیڈ کوارٹرز کی ترقی کے لئے عالمی بینک سے 50ارب روپے لینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔