لاہور(نیوزڈیسک)لاہور ہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو شناختی کارڈ بروقت جاری نہ کرنے پر نادرا حکام سے دس روز میں وضاحت طلب کر لی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نادرا کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کو شناختی کارڈ بروقت جاری نہیں کیے جا رہے جس سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جسٹس فرخ عرفان نے ریمارکس دئیے کہ اوورسیز پاکستانی قوم کا اثاثہ ہیں۔ یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے ، حکومت کو فوری ان کے مسائل حل کرنے چاہییں۔ عدالت نے اوورسیز پاکستانیوں کو شناختی کارڈ بروقت جاری نہ کرنے پر نادرا حکام سے دس روز میں وضاحت طلب کر لی ہے۔ –