کراچی(نیوزڈیسک) وزیر اعلی ہاؤس میں کے فور منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے فور کے لئے وفاق نے فنڈز فراہم کرنے کا کہا مگر پیسے نہیں دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے بھی وعدہ کیا لیکن پورے سال ایک روپیہ بھی نہیں دیا ۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 25 ارب روپے ہے جو زیادہ بھی ہو سکتا ہے وفاق نے 50فیصد حصہ دینے کا وعدہ کیا ہے تاہم حالیہ بجٹ میں صرف آٹھ کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں کہا کہ وفاقی بجٹ نے مایوس کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات شرجیل میمن نے بھی وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعلی سندھ نے کے فور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔