کوئٹہ(نیوزڈیسک) وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سازش کے تحت کوئٹہ اور بلوچستان میں حالات کو خراب کیا جارہا ہے جس کا مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانا ہے۔کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ملک کا دشمن ہرقسم کی سازش کے ساتھ ہم پر حملہ آور ہے، صوبے میں حالیہ دہشت گردی پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو نشانہ بنانے کی سازش ہے، سازش کے تحت کوئٹہ اور بلوچستان میں حالات کو خراب کیا جارہا ہے۔ ایک ماہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں 25 افراد مارے جاچکے ہیں، گزشتہ روز ٹارگٹ کلنگ واقعےکے بعد فرائض میں غفلت برتنے پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں کررہے ہیں،ضرورت پڑی توایف سی اور پولیس کی نفری میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے علاقے سے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، ان کی گرفتاری کے لئے انعامی رقم بھی رکھی گئی تھی، گرفتار کئے گئے علی گل عرف عبیدہ پٹھان اور ظفراللہ عرف ظفراللہ جان ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں جب کہ ایک دہشت گرد رحمان ولی عرف رحمان خالد ایئر بیس حملے میں بھی ملوث ہے۔