کراچی(نیوزڈیسک)سندھ کے وزیرخزانہ سید مراد علی شاہ نے وفاق کی جانب سے صوبے کے میگا پروجیکٹس کے لیے بجٹ میں رقم مختص نہ کرنے پر وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو خط لکھ کر سندھ حکومت کے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر میگا پروجیکٹس کے لیے فنڈز کا اجراءکیا جائے ۔سندھ کے وزیر خزانہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے S-3ٹریٹمنٹ پلانٹ کے لیے 600ملین کی رقم اب تک فراہم نہیں کی ہے اور نہ ہی کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کے لیے کوئی گائیڈ لائن یا فنڈز فراہم کیے ہیں ۔کراچی سمیت صوبے کے میگا پروجیکٹس کے لیے بھی بجٹ میں رقم مختص نہیں کی گئی ہے ۔وفاقی حکومت اس صورت حال کا فوری نوٹس لے ۔صوبائی حکومت کو اس معاملے پر شدید تشویش ہے ۔وزیرخزانہ اسحا ق ڈار فوری طور پر سندھ حکومت کے تحفظات کو دور کریں ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ میگا پروجیکٹس کے لیے فنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ کراچی سمیت صوبے بھر میں میگا پروجیکٹس پر کام شرو ع کیا جاسکے ۔