اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی ہمارا ویژن ہے ملک کو تمام بحرانوں سے نکالنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں،اقتصادی راہداری منصوبے سے پورے ملک میں خوشحالی آئے گی،ملک کے تمام ائیر پورٹس پر مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز وزیر اعظم نواز شریف علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچے جہاں انہوں نے جدید سکیورٹی سسٹم کا افتتاح کیا ، اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف ،مشیر برائے ہوابازی شجاعت عظیم اورڈی جی سول ایوی ایشن بھی موجود تھے۔وزیر اعظم کو ائیر پورٹ کے توسیع منصوبے پر اے ایس ایف کے ڈی جی میجر جنرل سہیل احمد نے تفصیلی بریفنگ دی ۔رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیاءمیں چین کے بعد پاکستان دوسرا ملک بن گیا ہے جہاں ائیر پورٹ سکیورٹی سسٹم لگایا گیا ہے،اس سکیورٹی سسٹم کو مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال ائیر پورٹ توسیع منصوبہ کو آئندہ10 سے15 کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر مسافروں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں یہ سہولتیں پورے ملک کے تمام ائیر پورٹ پر مہیا کی جائیں ایسے منصوبے ہی ملک کے اثاثہ ہیں،انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر وترقی اور خوشحالی ہمارا ویژن ہے،
اس وقت ملک میں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ملک کو ان تمام بحرانوں سے نکالنے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کیلئے خوشحالی اور ترقی کا پیغام لیکر آ رہی ہے ،اس منصوبے سے پاکستان کی معیشت ،نوجوانوں کو روز گار ملک میں خوشحالی آئے گی۔