اسلام آباد (نیوز ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر علی امین نے دھاندلی نہیں کی بلکہ دھاندلی رکوانے کیلئے پولنگ سٹیشن گئے تھے،نجم سیٹھی کا ڈیڑھ کروڑ کا ٹیکس معاف کیا گیا اور ان کی بھانجی کو ایم این اے بنایا گیا،طاہر القادری کے بندے ماردیئے گئے اور قاتلوں کو چھوڑ دیا گیا ۔جمعہ کے روز صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے گلگت میں تحریک انصاف کو پذیرائی مل رہی ہے اور آئندہ الیکشن میں گلگت بلتستان میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائیں گے،ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام رکن قومی اسمبلی گلگت بلتستا ن میں اکٹھے ہوئے ہیں اور لوگوں کے ضمیر کو خریدا جارہا ہے اور بیت المال کا سارا پیسہ تقسیم کیا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں 35 پنکچر لگانے پر نجم سیٹھی کا ڈیڑھ کروڑ روپے کا ٹیکس معاف کیا گیا ہے اور ان کی بھانجی کو ایم این اے کی سیٹ الیکشن لڑنے کے لئے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ،سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں طاہر القادری کے کارکن مارے گئے اور قاتلوں کو چھوڑ دیا گیا ہے،
مزید پڑھئے:دوسری شادی کا شک،سعودی بیوی 5دن تک مسلسل اپنے شوہر کے ساتھ کیا کر تی رہی ؟
صوبائی وزیر اعلی امین کے حوالے سے سوال پر عمران نے کہا کہ علی امین ایک دیاندار اور ایماندار وزیر ہے بلدیاتی الیکشن کے دوران ان کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے اور ان کو جیل میں ڈال دیا گیا،انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر علی امین پولنگ سٹیشن پر دھاندلی کرنے نہیں بلکہ دھاندلی رکوانے گئے ہیں اس حوالے سے علی امین پریس کانفرنس کر کے عوام کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے،صحافی کے سوال کہ اگر علی امین بے گناہ تھے تو 24 گھنٹے میں گرفتاری کیوں نہیں دی اورعلی امین پولنگ سٹیشن سے بیلٹ باکس کیوں لیکر جارہے تھے جس پر عمران خان نے کوئی جواب نہیں دیا اور چلے گئے۔