کراچی (نیوزڈیسک) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو مزید 4 مقدمات میں بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ۔ جمعرات کو کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر ایک میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی ، ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے وکلاءنے 4 مقدمات میں دلائل دیئے ۔ ذوالفقار مرزا کو اپنی اہلیہ کے علاج کےلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے جس پر سرکاری وکلاءنے عدالت میں دلائل دیئے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی جائے ، اگر وہ بیرون ملک چلے گئے تو واپس نہیں آئیں گے جس پر عدالت نے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کی اہلیہ کی میڈیکل رپورٹ کی بنا پر انہیں باہر جانے کی اجازت دیدی ۔ اجازت ملنے کے بعد ڈاکٹر ذوالفقار مرزا اپنی اہلیہ کے علاج کےلئے 15 جون کو بیرون ملک روانہ ہوں گے اور جولائی کے دوسرے ہفتے میں وطن واپس آئیں گے ۔ واضح رہے کہ اب صرف ایک مقدمہ رہ گیا ہے جس میں ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کو باہر جانے کی اجازت نہیں ملی ۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں