اسلام آباد(نیوزڈیسک)راولپنڈی اسلام آباد کیلئے میٹرو بس سروس (آج) جمعہ سے مسافر وں کیلئے باضابطہ طور پر شروع ہو جائیگی یہ بس سروس صبح 6 سے رات 10 بجے تک جاری رہے گی۔ یک طرفہ کرایہ 20 روپے ہو گا جبکہ خصوصی طور پر لائف ٹائم کارڈ بھی جاری کئے جا رہے ہیں جن کی مالیت 130 روپے رکھی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نوا زشریف نے جمعرات کو راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کا باضابطہ افتتاح کر دیاہے۔ (آج) جمعہ سے بس سروس مسافروں کیلئے باضابطہ طور پر کھول دی جائیگی ۔ اسلام آباد سیکرٹریٹ سے راولپنڈی صدر تک 23 کلو میٹر کا سفر ہے جس پرمیٹرو بس کیلئے 24 اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 10 راولپنڈی اور 14 اسلام آباد میں بنائے گئے ہیں ۔ ابتدائی طو رپر 68 بسیں چلائی جائیں گی اور یک طرفہ کرایہ20 روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ ہر سٹیشن سے ایک لائف ٹائم کارڈ بھی شہریوں کی سہولت کیلئے دیا جا رہا ہے جس کی مالیت 130 روپے رکھی گئی ہے۔ اس کارڈ پر بیلنس لوڈ کرانا پڑے گا اور ہر میٹرو سٹیشن پر ری چارج کی سہولت موجود ہو گی اور کارڈ ہولڈر مسافر کیلئے ایک مرتبہ سفر کرنے پر 20 روپے بیلنس سے کٹ جائیں گے۔