اسلام آباد(نیوز ڈیسک)راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں ماڈل ایان علی کرنسی سمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی ،وکلاءکی ہڑتال کے باعث کیس کی سماعت15 جون تک ملتوی کر دی گئی ،میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز ماڈل ایان علی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب کے سامنے پیش ہوئیں۔ ماڈل ایان علی کو جوڈیشل ریمانڈ پورا ہونے کے بعد بخشی خانے پہنچایا گیا۔اس موقع پر ایان علی کی جانب سے درخواست ضمانت پیش کی گئی ، جس پر سماعت آج منگل کو کی جائے گی جبکہ کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت وکلا کی ہڑتال کے باعث 15جون تک ملتوی کی گئی ہے۔سماعت کے دوران ایان علی کی جانب سے سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ بطور وکیل پیش ہوئے۔جس پر جج نے ان سے استفسار کیا کہ ایان علی کی طرف سے کیس میں خرم لطیف کھوسہ پیش ہورہے ہیں تو کیا آپ اپنے بیٹے کی معاونت کیلئے عدالت میں پیش ہوئے ہیں؟۔سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں کیس میں پیش ہوکر دلائل دینا چاہتا ہوں۔سماعت کے آخر میں ایان علی کی ان کے وکلاء سے 15منٹ کیلئے ملاقات کرائی گئی ،ملاقات کے دوران میڈیا اور دیگر افراد کو عدالت سے باہر نکال دیا گیا۔