اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی دارالحکومت کے شاہی ایونیو پر لڑکی کے ہاتھوں لڑکے کاقتل محبت کا شاخسانہ نکلا،ملزمہ نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہاکہ اس نے شادی سے انکار پراپنے محبوب کو قتل کیا ، پولیس نے نوجوان کو قتل کرنے والی لڑکی کو سید پور روڈ راولپنڈی میں اس کی بہن کے گھر سے گرفتار کرلیا ،ملزمہ کو تفتیش کے لئے ویمن پولیس سٹیشن جی سیون منتقل کردیاگیا ، (آج ) عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیاجائیگا ۔ جمعہ کو پولیس نے راولپنڈی کے علاقے سید پور میں ایک مکان پر چھاپہ مار کر شادی سے انکار کرنے پر صدر نامی نوجوان کو قتل کرنے والی لڑکی ا ثناءبی بی کو گرفتار کرلیا ۔ ملزمہ نے پولیس کو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ اس کی 2011ءمیں بلال صفدر نامی نوجوان سے فون پر دوستی ہوئی تھی ، بلال صفدر ایئرفورس میں ریڈار مین تھا اور وہ اس سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن بلال اسے مسلسل روک رہا تھا اور ٹال مٹول سے کام لے رہا تھا حتیٰ کہ وہ مقتول کے گھر پنڈی گھیب بھی گئی جہاں پر اس نے مقتول کے والدین سے بھی ملاقات کی انہوں نے بھی شادی کا حیلہ تو دیا لیکن اس کو عملی جامہ نہ پہنایا ، ملزمہ نے بتایا کہ بالاآخر تنگ آکر اس نے بلال کو قتل کرنے کا اقدام اٹھایا ، دوسری طرف مقتول بلال صفدر کے ماموں ظفر نے مقدمے کی ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ اس کے بھانجے کے ا ثناءبی بی سے فون پر تعلقات تھے لیکن جب ثناءنے اسے شادی کےلئے کہا تھا اس نے انکار کردیا پھر ملزمہ ان کے آبائی گھر پنڈی گھیب گئی جہاں پر میرے بہنوئی ،بہن اور ہم سب نے رشتے سے انکار کردیا جس کے بعد اس نے کہا کہ اگر بلال صفدر مجھ سے شادی نہیں کرے گا تو میں اسے قتل کر دوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز میرا بھانجا ملزمہ کو موٹر سائیکل پر لیکر ایف نائن پاک کی طرف جارہا تھا کہ ملزمہ نے میرے بھانجے کو سیکٹر جی نائن تھری کے علاقے جوہر مسجد کے قریب گولی ماردی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اسے فوراً پمز ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ۔ تھانہ مارگلہ پولیس نے مدعی کی درخواست پر دفعہ 302ت ب کے تحت ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کرکے ملزمہ کو مزید تفتیش کے لئے ویمن پولیس سٹیشن جی سیون منتقل کردیاگیا ۔ ذرائع کے مطابق پولیس (آج) ہفتہ کو ملزمہ کو عدالت میں پیش کرکے اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کریگی