اسلام آباد(نیوزڈیسک)حکومت نے آج سے اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ سی این جی اسٹیشنز کو ایل این جی فراہم کی جائے گی۔ اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں سی این جی اسٹیشنز کھولنے کا فیصلہ وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہر سی این جی اسٹیشن سوئی ناردرن کو ہر 3روز بعد 12لاکھ روپے ایڈوانس جمع کرانے کا پابند ہو گا، جو اسٹیشن ایڈوانس رقم جمع کراتے جائیں گے، ان کے سی این جی اسٹیشن بھی کھلتے جائیں گے۔ سی این جی اسٹیشنز کو ایل این جی ساڑھے 12ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں فراہم کی جائے گی۔ صارفین کے لیے سی این جی کے نرخ ڈی ریگولیٹ ہوں گے۔ آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کی سپریم کونسل کے چیئرمین غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ صارفین کو سی این جی 55روپے فی لٹر میں ملے گی، جو فی کلو کے حساب سے تقریباً 80روپے ہو گی۔ اسلام آباد سمیت پنجاب میں سی این جی اسٹیشن 9نومبر 2014کو بند ہوئے تھے۔