اسلام آباد/کویت سٹی (نیوزڈیسک)پاکستان نے سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے تحفظ کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور عزم کا اعادہ کیا ہے وزیر اعظم کے مشیر قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر سے کویت میں ہونے والی 42ویں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ملاقات کی مشیر خارجہ نے سعودی وزیر خارجہ کو اپنے ملک میں وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں دہشتگردانہ حملے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی تعزیت کا اظہار کیا سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان انتہائی قریبی , برادرانہ اور سٹریٹجک تعلقات ہیں یہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور وقت کے ساتھ ان میں استحکام آرہا ہے انہوںنے دونوں ممالک کے درمیان کثیر جہتی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا سعودی وزیر نے اپنے ملک کی ترقی میں 20لاکھ سے زائد پاکستانیوں کے گرانقدر کردار کو سراہاملاقات کے دور ان خطے کی صورتحال اور یمن کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے سعودی عرب کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کے تحفظ کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور عزم کا اعادہ کیا انہوںنے سعودی وزیر کو یمن کا بحران پر امن طریقے سے حل کر نے کےلئے پاکستان کی جانب سے علاقائی ممالک سے رابطوں کےلئے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا سرتاج عزیز نے سعودی وزیر خارجہ آپریشن ضرب عضب کے کامیاب نتائج اور پاکستان میں معاشی صورتحال کی بہتری کے بارے میں بتایا ۔انہوںنے اس موقع پر پاک چین اقتصادی راہداری پروگرام سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ پانچ سے سات سال کے دور ان اس منصوبے کے تحت 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے سعودی وزیر خارجہ نے پاکستان کےلئے دلی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ مستقبل قریب میں دورہ پاکستان کا ارادہ رکھتے ہیں ۔