اسلام آباد(نیوزڈیسک)بھارتی وزیردفاع کے بیان پر سینیٹ ارکان نے منہ توڑجواب دے دیا،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کے خلاف قرارداد مذمت منظور کر لی۔اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے اجلاس میں کمیٹی نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیان کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان مودی حکومت کیجانب سے ریاستی دہشت گردی کو فروغ دینے کا اعتراف ہے۔قرارداد میں کہا گیا کہ دہشت گردی پاکستان کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے جبکہ قرارداد میں کہا گیا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان عالمی امن کے لیے شدید خطرہ ہے۔بھارتی وزیر دفاع کا بیان ہندوستان کے تمام ہمسائیوں پر اثر انداز ہو گا۔قرار داد میں حکومت پر زور دیا گیا کہ یہ معاملہ بین الاقوامی کمیونٹی اور اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں اٹھایا جائے۔خیال رہے کہ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کچھ دنوں قبل بیان دیا تھا کہ دہشت گردوں سے صرف دہشت گردوں ہی کے ذریعے نمٹا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان 26/11 جیسے واقعات سے بچنے کے لیے اقدامات کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ‘کانٹے کو کانٹے’ سے نکالا جائے گا اور اس کے لیے بھارتی فوجیوں کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں۔