اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بلوچستان کے وزیر صحت رحمت بلوچ کے گھر پر راکٹوں سے حملہ کیا گیاتاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجگور کے علاقے چتگان میں صوبائی وزیر رحمت بلوچ کے گھر پر نامعلوم ملزمان نے حملہ کیا۔ملزمان نے رحمت بلوچ کی رہائش گاہ پر تین راکٹ فائر کیے۔صوبائی وزیر رحمت بلوچ کا کہنا تھا کہ ان کے گھر پر راکٹوں سے کیے جانے والے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بلوچستان کے علاقے قلات میں لیویز اور ایف سی کے فلیگ مارچ پر بھی بھاری اسلحے سے حملے کیا گیا۔قلات کے علاقے منگوچر میں ڈی سی قلات سلطان احمد بگٹی کی سربراہی میں جاری فلیگ مارچ پر بھاری اسلحے سے حملہ کیا گیا۔ڈی سی قلات سلطان احمد بگٹی کے مطابق قریبی پہاڑوں سے نامعلوم مسلح افراد نے قافلے پر اس وقت حملہ کیا جب لیویز اور ایف سی کے اہلکار بڑی تعداد میں فلیگ مارچ میں شریک تھے۔ڈی سی کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے تاہم ایف سی کی دوگاڑیوں کو نقصان پہنچا۔بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ فلیگ مارچ میں ڈی سی قلات اور کمانڈنٹ ایف سی بھی شامل تھے۔ لیویز ذرائع کے مطابق حملے کے بعد فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کرکے 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔