اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عدالت نے سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا اور ان کے ساتھیوں کی ضمانت میں 2 جون تک توسیع کردی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ بدین نے ہنگامہ آرائی، توڑپھوڑ اور ہوائی فائرنگ کے مقدمات میں ذوالفقارمرزا کی ضمانت میں توسیع کی درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران ذوالفقار مرزا پیش نہیں ہوئے تاہم عدالت نے سابق صوبائی وزیر داخلہ اور ان کے 72 ساتھیوں کی 2جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔دوسری جانب ذوالفقار مرزا نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو درخواست جمع کرائی ہے، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کے گھر سے عدالت تک پولیس کمانڈوز تعینات ہیں اور انہیں عدالت میں پیش ہونے سے روکا جارہا ہے۔ وہ تمام مقدمات میں ضمانت پر ہیں لیکن پولیس انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کررہی ہے اس لئے انہیں عدالت حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔