اسلام آباد(نیوز ڈیسک)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے تحریک انصاف کی رہنماڈاکٹر زہرہ شاہد قتل کیس میں مزید گرفتار 2 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ہے،ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جبکہ عدالت نے بیان ریکارڈ کرانے کیلئے گواہوں کو یکم جون تک طلب کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر زہرہ شاہد قتل کیس کی سما عت کراچی سینٹرل جیل میں ہوئی ،پولیس نے 2 مزید گرفتار ملزمان عرفان عرف لمبا اور کلیم کو پیش کیا ،عدالت نے گرفتار ملزمان پر الزامات ثابت ہونے پر فرد جرم عائد کر دی ہے تاہم عدالتی فیصلے کے بعد عدالت میں موجود ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ہے جس کے بعدآئندہ سماعت پر بیان ریکارڈ کرانے کے لئے گواہوں کو طلب کر لیا ہے اور مزید سماعت یکم جون تک ملتوی کر دی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے زہرہ شاہد قتل کیس میں گرفتار ملزمان راشد عرف ٹیلر، زاہد عباس زیدی سمیت دیگر پر پہلے ہی فرد جرم عائد ہوچکی ہے جس کے بعد مزید دو مجرموں پر فرد جرم عائد کی گئی۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کو مئی 2013 میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں گھر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔