کراچی (نیوزڈیسک)کراچی میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مقابلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔کارروائیاں اتحاد ٹاؤن اور منگھو پیر میں کی گئیں۔ بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ گارڈن اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مشترکہ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جنھیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ ، دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے ، مقابلے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے پولیس پر دستی بم اور راکٹوں سے بھی حملے کیے گئے۔ سی ٹی ڈی پولیس کا کہنا ہے کہ چھاپہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے عمر خراسانی گروپ کے کارندوں کی اطلاع پر مارا گیا تھا جو کہ واہگہ بارڈر دھماکے میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔رات گئے پولیس نے ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائیں جب کہ دیگر ساتھی فرار ہوگئے۔دوسری جانب منگھو پیر پولیس نے مقابلے کے دوران 2 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے جب کہ مقابلے میں 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے، کراچی پولیس کے سربراہ نے پولیس پارٹی کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔