کراچی (نیوزڈیسک) وفاقی تحقیقات ادارے ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر کامران عطا اللہ نے کہا ہے کہ ایگزیکٹ کمپنی کے تمام ریکارڈ تک رسائی حاصل کرلی ہے ۔مکمل ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے ابھی صرف انکوائری ہورہی ہے۔ اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔ تحقیقاتی ٹیمیں 24 گھنٹے ایگزیکٹ کے ہیڈ آفس میں رہیں گی۔تفصیلات کے مطابق جعلی ڈگریوں کی فروخت کے معاملے کی تحقیقات کرنے والے ایف آئی اے کے افسر سعید میمن اور کارپوریٹ کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر کامران عطا اللہ بدھ کو ایگریکٹ کے ہیڈ آفس پہنچ گئے جب کہ ٹیموں نے جعلی ڈگریوں کے معاملے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کردیاہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کارپورٹ کرائم سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ ایگزیکٹ کے ایچ آر منیجرعلی غفران کے بیان کے بعد شعیب شیخ کا بیان ریکارڈ کرایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹ کمپنی کے تمام ریکارڈ تک رسائی حاصل کرلی ہے ۔مکمل ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے ابھی صرف انکوائری ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد کارروائی کا فیصلہ کریں گے ۔تحقیقاتی ٹیمیںدفاتر سے شواہد اکٹھے کررہی ہیں ۔واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے ایگزیکٹ کے جعلی ڈگریوں سے متعلق کاروبار کی نیویارک ٹائمز کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو فوری تحقیقات کاحکم دیا تھا۔