اسلام آباد(نیوز ڈیسک)آئندہ 2 روز میں ملک کے زیادہ تر علاقے گرمی کی شدید لپیٹ میں رہیں گے جبکہ جمعہ اور ہفتہ کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ،پنجاب ،خیبر پختونخواہ ،کشمیر اور گلگت کے چند مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع صاف ہے اورگلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پرابر آلود ہے۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گاملک کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے تاہم جنوبی پنجاب میںملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژن،سرگودھا، ساہیوال، سکھر، مالاکنڈ ڈویڑن، گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پرتیز/گرد آلود ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے جبکہ جمعہ اور ہفتہ کے روز ملک کے بالائی علاقوں اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخواہ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا ہے۔ تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان ڈویژن ،کشمیر اورگلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش دیر میں03 ملی میٹر جبکہ بہاولپورسٹی)، گڑھی دوپٹہ،کاکول02،ڈی جی خان، ملتان اور استور میں01ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات جن میں سندھ ،بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہے۔سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی، تربت اور دادو میں47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ شہید بینظیر آباد46، لاڑکانہ، سکھر، نور پور تھل میں44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔