اسلام آباد (نیوزڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کی کارروائی مکمل ہونے تک بیانات سے گریز کریں زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد اچھا شگون ہے . ”را“ کے خلاف ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں تو اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھانی چاہئے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اپنا کام اچھے طریقہ سے کر رہا ہے، میری عمران خان سے اپیل ہے کہ جب تک جوڈیشل کمیشن کام کر رہا ہے اس پر بیانات نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان اچھا شگون ہے، ٹیم کو مکمل اور مربوط سیکورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے تاکہ دنیا کو بتا سکیں کہ پاکستان کھیلوں کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کراچی میں بیان اچھا تھا، اگر ”را“ کے خلاف ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں تو اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر آواز اٹھانی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں پرائس کنٹرول کمیشن تو موجود ہے مگر وہ صحیح کام نہیں کر رہا۔