اسلام آباد (نیوزڈیسک) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپاﺅ نے کہا ہے کہ کے پی کے حکومت بلدیاتی انتخابات میں پری پول دھاندلی کا منصوبہ بنا رہی ہے الیکشن کمیشن کاعمران خان کو نوٹس جاری کرنا درست اقدام ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان مرکز میں اپوزیشن رہنما ہیں مگر پھر بھی وہ خیبرپختونخوا کی حکومت کو یہاں سے ریموٹ کنٹرول کی طرح چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 مئی کو خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات میں پری پول دھاندلی کے منصوبے بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آنے کے بعد عمران خان کی جانب سے جلسے جلوسوں کے انعقاد پر جو نوٹس جاری کیا ہے وہ درست اقدام ہے، ہم نے بھی الیکشن کمیشن کو اس حوالہ سے درخواست دے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو اپنی جماعت کی کارکردگی پر اعتماد ہے تو وہ کے پی کے میں جلسے جلوس کیوں کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب آفتاب شیرپاﺅ نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ ڈپلومیسی کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔