نواب شاہ(نیوزڈیسک)وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سانحہ صفورا میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ملزمان کو جلد میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا ۔ نواب شاہ میں پیپلز میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سانحہ صفورا کی تحقیقات میں پیش رفت ہورہی ہے اور واقعے میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے،یہ ملزمان واقعے کی سازش کی تیاری اور اس کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے جب کہ چاروں ملزمان نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہے ۔ خواتین کا صوبے کی ترقی میں نمایاں کردار ہے۔ صوبائی حکومت خواتین کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بہت جلد پاکستانی عوام کے درمیان ہونگے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ کے قریب دہشت گردوں نے بس میں گھس کرفائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 46 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے تھے۔ جاں بحق افراد میں 17 خواتین بھی شامل تھیں۔